ویب ڈیسک : بھارت نے مرحوم سید علی گیلانی کےخاندان کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردیں۔ مرحوم حریت رہنما کے نواسے انیس الاسلام کو سرکاری ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
بھارت نے مرحوم سید علی گیلانی کےخاندان کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردیں۔مرحوم حریت رہنما کے نواسے انیس الاسلام کو سرکاری ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انیس الاسلام بین الاقوامی کنونشن سنٹر سرینگرمیں ریسرچ آفیسرتھے۔ ان کو ریاست کی نام نہاد سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے نوکری سے نکالا گیا۔
دوسری جانب قابض انتظامیہ نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے کتھاوا سے تعلق رکھنے والے ایک استاد فاروق احمد بٹ کو بھی تحریک آزادی کی حمایت کرنے پربرطرف کردیا ہے۔
واضح رہے مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کو پاکستانی پرچم سے ڈھکنے اور بھارت مخالف نعرے بازی پر ان کے اہلِ خانہ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ معروف کشمیری حریت رہنما اور جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون سید علی گیلانی یکم ستمبر 92 سال کی عمر میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے حیدرپورہ میں اپنی رہائش گاہ پر طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ سید علی گیلانی کے اہلِخانہ کے مطابق پولیس نے ان کی میت چھین کر خاموشی سے تدفین کردی۔