عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی  ختم

17 Oct, 2021 | 12:51 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی حکومت نے کورونا پابندیوں میں نرمی کردی،اب شہری عوامی مقامات پر بغیر ماسک کے گھوم پھر سکیں گے۔

مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی سماجی فاصلے کی پابندیاں  بھی ہٹا دی گئیں،سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق کورونا ویکسین کی مکمل خوراک لگوانے والے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں حاضری دے سکیں گے تاہم نمازیوں اور زائرین کو پورے وقت ماسک پہننا ہوگا، الحرمین الشریفین انتظامیہ نے سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں ہٹا دی ہیں،خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسجد حرام میں عبادت کرنے والوں کو ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ میں سے کسی ایک ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانی ہو گی تاکہ وہ ایک ہی وقت میں موجود ہ تعداد ہوتے ہوئے عمرہ ادا کر سکیں۔مسجد نبوی میں بھی انہی شرائط کے ساتھ مکمل گنجائش میں عبادت کی اجازت دے دی گئی ہے۔

دوسری جانب سعودی حکام نے عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی  ختم کردی ہے، کورونا کی مکمل ویکسینیشن کروانے والے افراد  ریسٹورنٹس اور سنیما ہالز جاسکیں گے اور انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی بھی اجازت ہوگی ،اس کے علاوہ تمام شادی ہالز بھی کھول دیئے گئے ہیں اوراب مہمانوں کی تعداد کی بھی کوئی قید نہیں ہو گی۔

مزیدخبریں