سمارٹ کارڈز کے منتظر شہریوں کیلئے خوشخبری

17 Oct, 2020 | 05:22 PM

Arslan Sheikh

( علی ساہی ) سمارٹ کارڈز کے حوالے سے شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لئے ڈی جی ایکسائز کا اہم حکم نامہ، کورئیر کمپنی کی جانب سے ڈلیور نہ ہونے والے سمارٹ کارڈز متعلقہ دفتر سے وصول کئے جاسکیں گے جبکہ تمام ضلعی دفاتر میں سمارٹ کارڈز کی ڈلیوری کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کردیئے گئے۔

محکمہ ایکسائز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ گاڑی رجسٹرڈ کروانے کے 48 گھنٹے کے بعد سمارٹ کارڈ مالکان تک پہنچادیئے جائیں گے، لیکن پچھلے 8 ماہ سے 7 لاکھ بانوے ہزار کارڈز زیرالتوا تھے۔ کارڈز کی پروڈکشن 80 فیصد مکمل کرکے کورئیر کمپنی کو دیئے گئے۔ کمپنی کی جانب سے ہزاروں کی تعداد میں کارڈز واپس بھجوا دیئے گئے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے شکایت کے بعد ڈی جی ایکسائز صالحہ سعید نے کورئیر کمپنی کے ساتھ ساتھ دفاتر سے بھی کارڈز کے اجرا کاحکم دیا ہے۔ تمام ایم آر ایز کو ڈلیور نہ ہونے والے کارڈز کی فہرستیں ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ دفاتر کے باہر فہرستیں آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے چند روز قبل سٹی فورٹی ٹو نے کورئیرکمپنی اور محکمے کی غفلت کی نشاندہی کی تھی۔ ڈی جی ایکسائز نے کمپنی کو ڈلیوری بہتر بنانے کے لئے حتمی وارننگ جاری کررکھی ہے جبکہ کارڈز کی ڈلیوری اور تیاری پر تعینات تمام اہلکاروں کو ہٹا دیا ہے اور نئے اہلکاروں کو جلد تعینات کردیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں