(علی اکبر) پنجاب حکومت کی جانب دہشتگردی کے بروقت سد باب کے لئےاہم اقدام اٹھایا گیا۔جدید ترین آلات سے لیس نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں بم ڈسپوزل سکواڈ کو مل گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ میں نئی بم ڈسپوزل گاڑیاں پنجاب کے 8 اضلاع کے حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نئی بم ڈسپوزل گاڑیوں کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے گاڑیوں میں رکھے جانیوالے جدید آلات بھی دیکھے جبکہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بم ڈسپوزل گاڑیاں متعلقہ اضلاع کے بم ڈسپوزل کمانڈرکے حوالے کیں۔
بتایا گیا ہے کہ نئی گاڑیاں بم ڈسپوزل سوٹ، مائن ڈیٹیکٹرزاور دیگر جدید آلات سے لیس ہیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ جدید سہولتوں اور آلات سے لیس گاڑیوں سے بم ڈسپوزل سکواڈ کی صلاحیتو ں میں مزید اضافہ ہو گا۔ نئی گاڑیاں ملنے سے متعلقہ اضلاع میں بم ڈسپوزل یونٹ کی کارکردگی بہتر ہو گی، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب کے ہرضلع کو بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سول ڈیفنس پنجاب کی کارکردگی کو بھی سراہا۔