اپوزیشن جلسے میں لوگوں کو اکٹھا کرنے میں ناکام رہی: فیاض الحسن چوہان 

17 Oct, 2020 | 02:48 PM

Shazia Bashir

قذافی بٹ: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان  نے کہا ہے کہ  ایک ارب تین کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود گیارہ جماعتوں کی سیاسی لکی ایرانی سرکس ناکام ہو گئی۔ گیارہ اپوزیشن جماعتیں ملکر بھی آٹھ ہزار سے زیادہ لوگ اکٹھے نہ کر سکنے پر شرم سے ڈوب مریں۔

 
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ ہزار کو گیارہ سے تقسیم کیا جائے تو پورے پاکستان سے فی اپوزیشن پارٹی سات سو لوگ بنتے ہیں، اس سے زیادہ لوگ تو وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں اکٹھے کر لیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جناح سٹیڈیم آدھا خالی ہونا عوام کی طرف سے "ابو بچاؤ کرپشن چھپاؤ" تحریک سے لاتعلقی کا اظہار ہے۔   اب اپوزیشن خشوع و خضوع اور انتظام وانصرام کے ساتھ عدالتوں اور احتسابی اداروں کے سامنے پیش ہو۔  کرپٹ ٹولے کو پہلے ہی جلسے میں شکست کے بعد عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنے کی طرف گامزن ہونا چاہیئے۔

وزیراطلاعات   پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مکس اچار پارٹی کے جلسے کی راہ میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی۔    وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام مائیکرو اور میکرو معاشی اشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ پاکستان اگلے تین سال بھی اسی رفتار کے ساتھ ایک مستحکم معیشت بننے کی جانب سفر جاری رکھے گا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ الائیڈ پارٹیز فار کرپشن چاہے کھمبوں پر چڑھے، یو این اور یورپی یونین کے پاس جائے، انہیں این آر او اور کرپشن پر ریلیف نہیں ملے گا۔

مزیدخبریں