وزیر اعظم اپوزیشن سے پریشان،ایک بار پھر کابینہ میں تبدیلی کا امکان

17 Oct, 2020 | 11:06 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بعض اہم وزرا کے محکمے تبدیل کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے مشاورت کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا محکمہ تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے،ان کی جگہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری وزارت اطلاعات کیلئے ایک مرتبہ پھر فیورٹ بن گئے ہیں تاہم فواد چوہدری کی خواہش ہے کہ ان سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا محکمہ واپس نہ لیا جائے۔

 
ایک خبر رساں ادارے نے  باخبر سرکاری ذرائع  کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان وزیر اطلاعات شبلی فراز کی طرف سے اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف سخت لب و لہجہ اختیار نہ کرنے سے متعلق کئی مرتبہ حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراطلاعات پر خفگی کا اظہار کر چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اس ضمن میں اپنے بعض قریبی سینیٹرز دوستوں سے بھی بات کی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ اگر آئندہ ہفتے فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات و نشریات کا چارج دیا گیا تو سینیٹر شبلی فراز کو توانائی یا تجارت کا محکمہ ملنے کا امکان ہے۔


دریں اثنا وزیر توانائی عمر ایوب کی کارکردگی سے بھی وزیر اعظم خوش نہیں ہیں اور ارکان پارلیمنٹ بالخصوص پی ٹی آئی کراچی کی قیادت عمر ایوب کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے بھی عمر ایوب کی طرف سے مسائل حل کرنے پر توجہ نہ دینے کی شکایت وزیراعظم عمران خان سے کی ہے،وزیر توانائی کیلئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا نام بھی سامنے آیا ہے اور عمر ایوب کو صرف پٹرولیم ڈویژن کا وزیر برقرار رکھا جانے کا امکان ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید جو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین بھی ہیں کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں بھی کابینہ میں لیا جائے گا اور امکان ہے کہ انہیں وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات بنایا جائے تا کہ وہ حکومتی بیانیہ موثر انداز میں میڈیا میں اجاگر کر سکیں۔

مزیدخبریں