موسم کی تازہ ترین صورتحال،لاہور میں سموگ کاخطرہ بڑھ گیا

17 Oct, 2020 | 09:24 AM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)لاہور شہر کا موسم آج خشک رہنے کا امکان ہے، آئندہ دو سے تین روز میں درجہ حرارت میں مزید کمی ہوگی، موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی شہر میں سموگ پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے جبکہ ملک کے کچھ حصوں میں بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی۔

 محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کے درجہ حرارت میں معمولی کمی ہوگی۔ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی شہر میں سموگ پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔آج شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس 257 تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کےمطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح صبح کے وقت ہوا نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 31 فیصد تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ اتوار کے روز بھی شہر کا موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دوسرے اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی، پنجاب کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہے گا،ہ کراچی میں بعد دوپہر گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کی توقع ہے،بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا،اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا۔

گزشتہ روز ر پنجاب حکومت نے سموگ کی روک تھام کے لیے فصلوں کی باقیات جلانے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑکوں پر لانے پر پابندی لگا دی۔ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا تھاسموگ کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں 31 دسمبر تک سڑکوں پر لانے کی ممانعت ہو گی۔ طبی ماہرین نے سموگ کے دوران کورونا کے بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

مزیدخبریں