علی عباس: شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کیساتھ ساتھ اب موبائل وین اور رکشوں کا استعمال کرے گی، شہریوں کو گھر کی دہلیز تک صاف پانی کی فراہمی کا ماڈل تیار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے شہریوں کو گھر کی دہلیز پر پانی کی فراہمی کیلئے نیا روڈ میپ تیار کیا ہے، جسے پہلے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت شروع کیا جائے گا ۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی شہریوں کو گھر کی دہلیز پرصاف پانی فراہم کرے گی، پانی کی فراہمی کیلئے موبائل وین اور رکشوں کا استعمال کیا جائے گا، گاڑیاں اور رکشے صاف پانی لے کر گلی محلوں میں جا کر شہریوں کو دیں گے۔
اتھارٹی کی جانب سے نئی بولان گاڑیاں خریدنے کیلئے پنجاب کی آسٹیریٹی کمیٹی سے باقاعدہ منظوری لے لی گئی ہے، اس پروگرام کے تحت نیا سٹاف بھی بھرتی کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہےکہ اس پلان کے تحت پانی وہاں پہنچایا جایا گا جہاں فلٹریشن پلانٹ کم اور فاصلے پرہوں گے، دوسری جانب آب پاک اتھارٹی کے زیر اہتمام تعمیر ہونے فلٹریشن پلانٹس کا ڈیزائن بھی تیار کرلیا گیا ہے۔