برطانوی شاہی جوڑا لاہور پہنچ گیا، شایان شان استقبال

17 Oct, 2019 | 12:00 PM

Shazia Bashir
Read more!

سٹی42:  برطانوی شاہی جوڑے کا شاہی دورہ لاہور شہزادہ ولیم، شہزادی کیٹ کو لیکر خصوصی طیارہ لاہور ائیرپورٹ لینڈ کر گیا۔ شاہی جوڑے کی لاہور آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔

شاہی جوڑے کا شاندار استقبال

تفصیلات کے مطابق  برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے دورے کے چوتھے روز لاہور پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دیگر حکام کے ہمراہ شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کے لاہور پہنچنے پر انہیں گلدستے پیش کئے گئے جبکہ اس موقع پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے جنہوں نے شہزادہ ولیم سے پاکستانی حکام کا تعارف کروایا۔

شاہی جوڑے کی وزیراعلیٰ پنجاب  اور گورنر پنجاب سے ملاقات

برطانیہ کے شاہی جوڑے نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی،  برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی گئی، وزیراعلیٰ  پنجاب سعدار عثمان بزدار نے کہا  ہے کہ  آپ کا دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ  میں معاون ثابت ہوگا، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، برطانیہ کا بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ (ڈیفڈ) پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے ڈیفڈ پنجاب حکومت کا بہترین پارٹنر ہے۔ موجودہ حکومت سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔

شاہی جوڑے کو گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تحائف 

گورنر پنجاب  چودھری محمد سرور نے شاہی جوڑے کو کو تحفے میں گورنر ہاؤس پر چھپی ہوئی کتاب، ہینڈی کرافٹ اور کارپیٹ  دیا۔ برطانوی سفیر تھامس ڈریو نے شاہی جوڑے کو بتایا کہ گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور کو برطانیہ میں پہلا مسلمان ممبر پار لیمنٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور ان کے صاحبزادے بھی بر طانیہ میں اپنا بزنس کر رہے ہیں، شہزادہ ولیم نے چودھری مجمد سرور کے گورنر پنجاب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لئے خوشی کا مقام ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ کا سابق رکن پاکستان کے صوبے کا گورنر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی۔ 

شاہی جوڑے کا   ایس او ایس ویلج  کا دورہ

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن سخت سکیورٹی حصار میں ایس اوایس چلڈرن ویلیج فیروزپور روڈ پہنچے، جہاں انتظامیہ اور بچوں نے پھولوں کے ہمراہ شہزادہ شہزادی کوخوش آمدید کہا، شاہی جوڑے نے ایس او ایس ویلیج  کی عمارت سمیت ادارے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اوربچوں کی دی جانیوالی تعلیم اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا، شاہی جوڑے نے بچوں کیساتھ میوزیکل کلاس بھی اٹینڈ کی۔

شاہی جوڑے نے ایس او ایس ویلج میں بچوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے شاہی جوڑا اپنے پچاس منٹ کے قیام میں ایس او ایس ولیج سے خوبصورت یادیں سمیٹ کر سخت سکیورٹی حصار میں واپس روانہ ہوگیا۔

                            

شاہی جوڑے  کا    نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ

شاہی جوڑے نے   نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ  کیا مختلف سکولز کے بچوں کے ساتھ  ملاقات کی، اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ نئی نسل کا رجحان کھیلوں کی طرف کر کے ان کو اچھا طرز زندگی دیا جا سکتا ہے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں برٹش کونسل کے دوستی پراجیکٹ کے طلبہ طالبات کے ساتھ شاہی جوڑے  نے کرکٹ کھیلی اور محظوظ ہوئے۔

 شہزادی کے سفید کرتے کی دھوم

شاہی جوڑے کا جہاز لاہور کی فضاوں سے ہوتا ہوا ائیرپورٹ پر اترا، جہاز کا دروازہ کھلا تو شہزادی کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم خوبصورت افسانوی کرداروں کی مانند جہاز کی سیڑھیاں اُترتے دکھائی دیئے، شہزادی کیٹ سفیدرنگ کے باوقارلباس میں پرستان کی پری لگ رہی تھی جبکہ شہزادہ ولیم بھی ہلکے آسمانی رنگ کی شرٹ اور گہرے  نیلے رنگ کی پینٹ زیب تن کیے تھے۔

 کھلے سنہری بالوں کیساتھ شہزادی نے کانوں میں چھوٹی چھوٹی بالیاں بھی پہن رکھی تھیں جبکہ اس کےسکن کلر کے جوتے بھی نمایاں تھے۔

برطانوی شاہی جوڑے کی بادشاہی مسجد آمد

بادشاہی مسجد میں 1800 فٹ ریڈ کارپٹ پر شاہی جوڑے کا استقبال کیا گیا، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیرآزاد نے شاہی مہمانوں کا استقبال کیا، مولانا عبدالخبیرآزاد نے شاہی مہمان کو تحائف بھی پیش کئے۔

  شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن جوتے اُتار کر مسجد میں داخل ہوئے، ہزادی کیٹ میڈلٹن نے سر پر دوپٹہ بھی اُوڑھ رکھا تھا، شاہی جوڑے کی آمد پربادشاہی مسجد کے فانوس روشن کیے گئے۔

شاہی جوڑے کیلئے  فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات

 شاہی جوڑے کو فول پروف سیکیورٹی دینے کیلئے چھ ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار متعلقہ شاہراہوں پر تعینات کئے گئے ہیں۔   ٹریفک پولیس  نے بھی ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پلان مرتب کیا ،  ائیرپورٹ سے مکمل روٹ پر اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔  پنجاب پولیس اور   ٹریفک پولیس  نے اہلیان لاہور سے شاہی جوڑے کی لاہور آمد پر تعاون کی اپیل کی ہے۔

شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے رکشہ ڈرائیور بھی میدان میں آگئے، سجے سجیلے رکشوں پر پاکستانی اوربرطانوی پرچم آویزاں، عوامی رکشہ یونین کے سربراہ مجید غوری قیادت میں خوش آمدید ریلی نکالی۔

مزیدخبریں