راؤ دلشاد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہےکہ کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
عطاء اللہ تارڑ نے سٹی 42 سے گفتگو میں کہا کہ بار بار کہا جاتاتھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہیں لائی جارہی، اب ان کا یہ مطالبہ پورا کر دیاگیا ہے، سانحہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج وقت اور تاریخ کے ساتھ جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، شہریار آفریدی، مراد سعید، عثمان ڈار اور دیگر رہنماؤں کی گفتگو اور فوٹیج موجود ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد نےگاڑی کی چھت پر بیٹھ کہاکہ کور کمانڈر ہاؤس جاناہے، عثمان ڈار نے کہا چلو ، شہریار آفریدی نے کہاکہ جی ایچ کیو جانا ہے باقی رہنماؤں کے بیانات بھی سامنے ہیں, سانحہ 9 مئی ایک منطم سازش کا نتیجہ تھا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی قانون کے برعکس سپریم کورٹ میں گیا حالانکہ ٹرائل کورٹ میں کیس زیر سماعت ہو تو وہ سپریم کورٹ میں نہیں سنا جاسکتا، 9 مئی کیس کا ٹرائل سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث تاخیر کا شکار ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل پراسیس کے تحت 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔ سانحہ 9 مئی کے تمام ملزمان اور ذمہ داران کو کو سزا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کہتے تھے کہ ہم کوئی غلام ہیں اور اب کہتے ہیں ٹرمپ آئے گا اس کو باہر لائے گا ۔ ریاستوں کے معاملات شخصیات کے معاملات سے مختلف ہوتے ہیں۔
قبل ازیں وزیر اطلاعات عطاء تارڑ ، پیر سید شہوار حسین شاہ کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے پیر سید شہوار حسین شاہ سے ان کے ماموں خواجہ مذکر احمد انصاری کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ مرحوم خواجہ مذکر احمد انصاری کی روح کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی و مغفرت کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اس موقع پرسابق چئیرمین اجمل ہاشمی، خواجہ معطر علی انصاری، ملک حمزہ ،رانا سلیم، افضال خاں، چودھری نعیم ،عامر گجر، موسی خان، عرفان زیدی، راناافنان، حماد سیف، معین بٹ، ندیم بشیر قریشی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔