ویب ڈیسک:پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران لڑکی کے گینگ ریپ میں ملوث 4 ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ تھانہ نشاط آباد کی حدود میں مبینہ مقابلہ ہوا، ہلاک ملزمان کو برآمدگی کے لیے لے جانے کے دوران ساتھیوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے،مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں قاسم، اسلام، زاہد اور نوید شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں اسلام آباد میں 4 بینکوں کی کیش وین لوٹنے کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت پولیس کے ہاتھوں گرفتار مشتبہ شخص پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا جب کہ اس مقابلے سے ایک روز قبل ہی پولیس نے مشتبہ شخص کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔
اس مقابلے میں ملزم کی ہلاکت کے بعد رواں سال اسلام آباد میں پولیس مقابلوں کی مجموعی تعداد 36 ہوگئی تھی، ان واقعات میں 13 ملزمان ہلاک اور 21 زخمی ہو ئے تھے۔
پولیس کے مطابق ان میں سے 7 مقابلے مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کے دوران ہوئے جب کہ 23 مقابلوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان براہ راست تصادم ہوا۔