برطانوی وزیرخارجہ کا عمران خان کی گرفتاری سے متعلق بڑابیان

17 Nov, 2024 | 11:56 AM

ویب ڈیسک: برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حراست کو پاکستان کا اندورنی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہناہے کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے کے کوئی اشارے نہیں ملے۔

 تفصیلات کے مطابق خط کے جواب میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ ہم باقاعدگی سے ان اہم معاملات پر سینئر سطح پر بات چیت کرتے ہیں، پاکستان کے عدالتی معاملات داخلی معاملہ ہے لیکن عالمی قوانین کی پاسداری کی ضرورت ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بنیادی آزادیوں اور فئیر ٹرائل کے حق کا احترام کرے، بانی پی ٹی آئی عمران خان  اور تمام پاکستانی شہریوں کے لیے شفاف اور منصفانہ عدالتی عمل ضروری ہے۔

اپنے جواب میں ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا کہ ہماری معلومات کے مطابق حکومت پاکستان کا فوجی عدالتوں میں بانی پی آئی عمران خان کا مقدمہ چلانے کا ارادہ نہیں، ہمیں آزادی اظہار اور سیاسی مخالفین پر پابندیوں کے حوالے سے تشویش ہے، آزادی رائے اور بغیر خوف و جبر کے اجتماع کا حق جمہوریت کی بنیاد ہے۔

برطانوی وزیرخارجہ نے کہا کہ دفتر خارجہ کے متعلقہ وزیر نے پاکستان کے وزیر انسانی حقوق اعظم تارڑ کے ساتھ سول اور سیاسی حقوق کی اہمیت پر بات چیت کی ہے، پاکستان میں آئینی ترامیم کی منظوری پارلیمنٹ کا معاملہ ہے۔

ڈیوڈ لیمی نے آزاد عدلیہ کی اہمیت پر زور دیا، دفتر خارجہ کے وزیر کو دورہ پاکستان سے واپس آکر خط لکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان کے لیے برطانیہ کے وزیر، فالکنر، جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے اور انسانی حقوق کے حوالے سے مزید بات چیت کریں گے۔ اس ملاقات کے بعد فالکنر برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا، عمران خان کی گرفتاری اور آزادی اظہار پر پابندیوں جیسے معاملات پر برطانوی حکام پاکستانی عوام کے لیے انصاف اور جمہوری اصولوں کے احترام پر زور دیتے رہیں گے۔

مزیدخبریں