فاران یامین: دنیا بھر میں سڑکوں پر ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کا دن آج منایا جا رہا ہے، اس دن کے منانے کا مقصد ٹریفک حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو یاد کرنا اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا اس دن کے موقع پر کہنا تھا کہ اس دن کا مقصد ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور حادثات کی وجوہات سے سبق سیکھنا ہے۔
عمارہ اطہر نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنا حادثات کی سب سے بڑی وجہ ہے، اور حادثات قسمت نہیں بلکہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا نتیجہ ہیں۔ اُن کا افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مقابلے میں ٹریفک حادثات میں زیادہ جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
لاہور میں 2023 میں 392 افراد جبکہ رواں سال 288 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ 70 سے 80 فیصد حادثات ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہوتے ہیں، اور پانچ سے 10 فیصد حادثات دیگر روڈ یوزرز کی غلطیوں کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں کی مکینیکل خرابی اور غیر مناسب روڈ انفراسٹرکچر بھی حادثات کا باعث بنتے ہیں۔
عمارہ اطہر کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس ہر سطح پر عوام کو آگاہی فراہم کر رہی ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کی جائے اور حادثات کی شرح کم کی جا سکے۔