ون ڈش قانون کی خلاف ورزی پر دس شادی ہال سِیل، مقدمات اور بھاری جرمانے

17 Nov, 2023 | 11:22 PM

دُرِ نایاب: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں شادی ایکٹ، ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے پر کریک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا۔

جمعہ کے روز شادی ایکٹ اور ون ڈش قانون کی خلاف ورزی پر  10 شادی ہال سیل کر دیئے گئے،مقدمات درج کئے گئے اور بھاری جرمانے کئے گئے۔

پنجاب کےمختلف اضلاع میں ون ڈش اور اوقات کار کی خلاف روزی پر 10 شادی ہال سیل کر دیئے جبکہ 3 ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔ 

شادی ہالوں کی انتظامیہ کو 6 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔ 

جمعہ کے روز صوبہ بھر میں انسپیکشن کے دوران 26 شادی کی تقریبات میں قانون کے خلاف ورزیاں دیکھی گئیں۔ 

لاہور میں قانون کی خلاف ورزی پر 8 شادی ہال سیل کئے گئے جبکہ 2 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ 

فیصل آباد میں ون ڈش قانون کی خلاف ورزی پر ایک شادی ہال سیل کیا گیا اور ایک ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ دو لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے۔

گوجرانوالہ میں ون ڈش کی خلاف ورزی پر ایک شادی ہال کو سیل کیا گیا۔ 

بہاولپور میں 30 ہزار جبکہ چکوال، گجرات، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، ننکانہ، اوکاڑہ، پاک پتن اور وہاڑی میں قانون کی خلاف ورزی پر شادی ہالوں کو 50، 50 ہزار روپے جرمانے کئے گئے۔

جمعرات اور جمعہ کے روز شادی ایکٹ کی پابندی کروانے کے لئے چھاپوں مین کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں سمیت ساری ضلعی انتظامیہ متحرک رہی۔

محسن نقوی نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزیدخبریں