سٹی42: احتساب عدالت نے 190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا تاہم نیب کو ہدایت کی کہ عمران خان سے تفتیش جیل میں ہی کی جائے۔ عدالت نےبشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔چئیرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاوٴنڈ القادر یونیورسٹی ریفرنس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
جمعہ کے روز القادر ٹرسٹ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سنے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران احتساب عدالت نے 190 ملین پاوٴنڈ کیس میں نیب ٹیم کو عمران خان سے 21 نومبر تک اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش جاری رکھنے کا حکم دے دیا، نیب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے روبرو القادر یونیورسٹی 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے ملزم چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے گزشتہ دیئے گئے تین روزہ جسمانی ریمانڈ کی بابت تفتیش سے متعلق استفسار کیا تو تفتیشی آفیسر نے بتایا کے تفتیش ابھی جاری ہے مزید جسمانی ریمانڈ ملنے تک مکمل کرلی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے سپرد نہیں کیا جائے گا نیب بدستور مزید چار دن اڈیالہ جیل آکر ملزم سے تفتیش کرسکتی ہے اور حکم دیا کے آئندہ تاریخ تک تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
عدالت نے 190 ملین پاوٴنڈ کیس میں نیب ٹیم کو آئندہ تاریخ تک سابق وزیراعظم سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
اسی دوران نیب کے پراسیکیوٹر عرفان مظفر نے بتایا ہےکہ چئیرمین پی ٹی آئی کا ہمیں چار دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ہے ہم یہ خود طے کریں گے کہ ہمیں ملزم سے تفتیش اڈیالہ جیل کرنی ہے یا نیب لانا ہے۔