(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ کا فوجداری مقدمات میں ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں کے حوالے سے بڑا فیصلہ، لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث پولیس افسران کی تنزلی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس فیصل زمان خان نے حسن علی اعوان سمیت دیگر سب انسپکٹرز کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سید فرہادعلی شاہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف پیش کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 126 پولیس افسران اور ملازمین کو ملوث کیا گیا۔ سینئر پولیس افسران کو ترقی دی گئی جبکہ سب انسپکٹرز کو ترقی دے کر واپس لے لی گئی۔درخواستگزارحسن علی اعوان سمیت چاراسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پرترقی دے کرواپس لے لی گئی۔ فوجداری مقدمہ میں ملوث ہونے کی بناء پر کسی افسر کی ترقی نہیں روکی جا سکتی۔
درخواستگزاروں نے استدعا کی کہ عدالت تنزلی کے احکامات کو کالعدم قرار دے۔ پنجاب حکومت کے وکیل کی جانب سے درخواست کی مخالفت کی گئی۔