عالمی جونیئر ہاکی کپ: اٹھارہ رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

17 Nov, 2021 | 11:09 AM

Sughra Afzal

نشتر پارک (حافظ شہباز علی)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عالمی جونیئر ہاکی کپ میں شرکت کے لئے اٹھارہ رکنی قومی جونیئر ہاکی سکواڈ کا اعلان کردیا۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی منظور جونیئر نے ہیڈکوچ جونیئر ہاکی ٹیم دانش کلیم اور خواجہ جنید کے ہمراہ ٹیم کا اعلان کیا، رانا عبدالوحید جونیئر ورلڈ کپ میں قومی جونیئر ہاکی سکواڈ کی قیادت کرینگے جبکہ معین شکیل نائب کپتان ہونگے، کھلاڑیوں میں وقار(گول کیپر)، عقیل احمد، رضوان علی، عدیل لطیف ، محمد حماد الدین انجم، عبدالحنان شاہد، غضنفر علی، عمیر ستار، عبداللہ اشتیاق (گول کیپر)، محب اللہ، ابوذر، محسن حسن، عبدالمنان، عبدالرحمٰن، رومان خان اور محمد عبداللہ شامل ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈکواٹرز لاہور میں چیئر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر نے ہیڈ کوچ قومی جونیئر ہاکی ٹیم اولمپین دانش کلیم اور ہیڈ کوچ قومی سینیئر ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید کے ہمراہ جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔

 24 نومبر تا 5 دسمبر انڈیا کے شہیر بھوبنیشور میں منعقد ہونے والے جونیئر عالمی ہاکی کپ میں شرکت کے لئے قومی جونیئر ہاکی سکواڈ کے اٹھارہ کھلاڑیوں کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر نے بتایا کہ تقریبا تمام کھلاڑیوں کے ویزہ جات موصول ہوچکے ہیں تاہم ابوذر اور محمد عبداللہ (فل بیک) کے ویزہ ابھی تک موصول نہیں ہوئے جوکہ قومی امید ہے کہ بروقت موصول ہو جائیں گے,تاہم متبادل کے طور پر ہمارے پاس علی عزیز اور سمیع اللہ خان  موجود ہیں۔

 اولمپین منظور جونیئر نے مزید کہا کہ میں قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اراکین اولمپین کلیم اللہ، اولمپین ایاز محمود، اولمپین ناصر علی، اولمپین خالد حمید، اولمپین وسیم فیروز  کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے عرق ریزی سے بہترین ٹیلنٹ کا انتخاب کیا انہوں نے کہا کہ کوویڈ صورتحال کی بدولت جونیئر ٹیم کو انٹرنیشنل ایکسپوڑر نہیں مل سکا جسکی بنا پر جونیئر ٹیم کو یورپی ممالک کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ حاصل نہ ہوسکا تاہم پی ایچ ایف کی جانب سے سینئر جونیئر ٹیموں کے میچز سے جونیئر کھلاڑیوں کو سیکھنے کے مواقع ملے۔ہیڈ کوچ قومی جونیئر ہاکی ٹیم اولمپین دانش کلیم نے کہا کہ  ہمارے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور بھرپور فارم میں ہیں،انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹور نہ ہونے کی وجہ کورونا صورتحال تھی جس سے پاکستان سمیت پوری دنیا دوچار رہی۔

 دوسری جانب ہماری ٹیم کو کسی نے کھیلتے نہیں دیکھا، یہ ہمارا پلس پوائنٹ ہے جبکہ جرمنی سمیت دگر ٹیموں کے چند میچز دیکھے جاچکے ہیں۔ اولمپین دانش کلیم نے کہا کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ایف آئی ایچ میگا ایونٹ میں سرپرائز کرینگے۔قومی جونیئر ہاکی سکواڈ 20 نومبر کو بذریعہ ھوائی جہاز براستہ دوبئی انڈیا روانہ ھوگا۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم 21 اور 22 نومبر کو پریکٹس میچز کھیلے گی۔21 کو چلی کے خلاف جبکہ 22 کو کینیڈا کے خلاف پریکٹس میچ کھیلا جائیگا۔ 

سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ کے مطابق ان میچز کی فوٹیج بنانے کی اجازت نہیں ھوگی۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے زیراہتمام ہاکی انڈیا کی میزبانی میں 24 نومبر تا 5 دسمبر انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے جانے والے اس عالمی ایونٹ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شرکت کرینگی۔ 16 ٹیموں میں میزبان ملک انڈیا، پاکستان، جرمنی،بیلجیئم، ہالینڈ، سپین، ارجنٹائن، ملایشیا، ساوتھ افریقہ، چلی، کینیڈا، فرانس، پولینڈ، کوریا، امریکا اور مصر کی ٹیمیں شامل ہیں۔

 ایف آئی ایچ شیڈول کے مطابق ٹیموں کو چار پول میں تقسیم کیا گیا ہے،پول اے میں بیلجیئم، ملایشیا، ساوتھ افریقہ اور چلی پول بی میں انڈیا ، کینیڈا، فرانس اور پولینڈ پول سی میں ہالینڈ، سپین، کوریا اور امریکہ پول ڈی میں جرمنی، ارجنٹائن، پاکستان اور مصر شامل ہیں، پول ڈی میں پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی جبکہ 27 نومبر کو پاکستان مصر سے نبرد آزما ہوگا،قومی جونیئر ہاکی سکواڈ ارجنٹائن کے خلاف پول راؤنڈ کا اپنا آخری میچ28 نومبر کو کھیلے گا۔

 

مزیدخبریں