( زین مدنی ) پاکستانی فلموں کے ابھرتے ہوئے اداکار بلال اشرف نے کہا ہے کہ فلمی ہیرو ہوں اس لئے ڈراموں میں کبھی کام نہیں کیا۔
ویژول ایفیکٹس میں ماسٹر ڈگری ہولڈر اداکار نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے کیمرے کے پیچھے رہ کر کام کیا۔ بحیثیت ویژول ایفیکٹ ڈائریکٹر کام کرتا رہا۔ بلال اشرف نے بتایا کہ اکثر لوگ کہتے تھے کہ آپ سمارٹ ہیں آپ کو ماڈلنگ اور ایکٹنگ کرنی چاہیے، لہذ ابتدا میں چند ٹی وی کمرشلز کیے۔ پھر فلم کی آفر آئی، تو پہلے یلغار میں کام کیا جس کو مداحوں نے بہت پسند کیا۔
بلال اشرف نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے ناکامی کا ذائقہ نہیں چکھا تاہم ناکامی کے بعد ہی آپ کو لوگوں کے چہرے اور مختلف روپ دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بلال اشرف نے کہا کہ کبھی یہ دعوی نہیں کیا کہ میں نمبر ون ہیرو بن کر کسی اداکار کی جگہ لے لوں گا یہ سب قسمت کے کھیل ہیں میں تو بس، شوبزانڈسٹری میں اپنی چھوٹی سی جگہ بنانا چاہتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں بلال اشرف نے کہا کہ بنیادی طور پر بڑی سکرین کا اداکار ہوں اس لئے چھوٹی سکرین پر کام نہیں کیا۔ واضح رہے کہ بلال اشرف 021، جانان، یلغار‘ رنگ ریزہ اور ماہرہ خان کے ساتھ فلم سپر سٹار میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔