(ملک سلطان ) پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے بڑے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 135 رنز کا ہدف دے دیا جو کراچی نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانیوالے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 5 کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی،مقررہ ہدف 18.2 میں حاصل کرلیا۔ شرجیل خان 13رنز بنا کر سمت پٹیل اور الیکس ہیلز 11 اور چیڈوک والٹن 22رنز بنا کر دلبر حسین کا شکار بن گئے جبکہ افتخار احمد (4) اور ردرفورڈ صفر کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔بابر اعظم 63 اور عماد وسیم 10 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر لاہور قلندرز نے7 وکٹوں کے نقصان پر134 رنز بنا ئے، تمیم اقبال 35 اور فخر زمان 27 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصٖف، ارشد اقبال اور وقاص مقصود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور فخرزمان نے کیا، لاہور قلندرز کے اوپنرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 68رنز جوڑے۔تاہم گیارویں اوور میں تمیم اقبال 35 اور فخر زمان 27 رنز بنا کر عمید آصف کا شکار بن گئے۔
اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور لاہور کا کوئی بھی بلےباز کراچی کی باؤلنگ کا جم کر سامنا نہ کرسکا، محمد حفیظ 2 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ سمت پٹیل 5 اور بین ڈنک 11 بنا کر ارشد اقبال کا نشانہ بنے، محمد فیضان صفر اور سہیل اختر 14 رنز بنا کر وقاص مقصود کی تباہ کن باؤلنگ کا شکار بنے۔
لاہور کی جانب سے ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ کراچی کنگز نے وائن پارنل کی جگہ عمید آصف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔
قبل ازیں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان رواں سیزن میں بھی دو میچز کھیلے گئے، قذافی اسٹیڈیم میں قلندرز نے کنگز کے خلاف 8 وکٹ سے فتح حاصل کی تو دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو بآسانی 10 وکٹوں سے زیر کیا۔
کراچی کنگز کے پاس بابر اعظم اور محمد عامر جیسے کھلاڑی ہیں.
دوسری جانب لاہور قلندرز کی مضبوطی اس کی بولنگ ہے جہاں حارث رئوف رواں برس سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے والے بولر ہیں تو شاہین آفریدی، دلبر حسین اور ڈیوڈ ویئسا بھی بھرپور فارم میں ہیں۔