خاوند جعلی پاسپورٹ پر بچیوں کے ہمراہ متحدہ عرب امارات فرار

17 Nov, 2020 | 04:03 PM

ملک اشرف:ماڈل خوشبخت مرزا عرف صوفیہ مرزا کے بیٹیوں کی حوالگی کا معاملہ ،لاہور ہائیکورٹ میں خوش بخت مرزا کے بیٹیوں کی دبئی سے فوری واپسی کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے ایف آئی اے حکام کو وزارت داخلہ اور خارجہ کے تعاون سے بچیوں کو وطن واپس لانے کاحکم دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے آئندہ پیشی ہر بچیوں کو بیرون ملک سے لاکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا عدالت خاتون کے سابقہ خاوند کے وکیل کو بھی بچوں کو عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو بیرون ملک سے لا کر عدالت میں پیش کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے خاتون خوشبخت مرزا کی درخواست پر حکم جاری کیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عدالت پیش ہوئے۔درخواست گزار خوشبخت مرزا کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ عدالت نے مشروط طور پر بچیاں باپ کے حوالے کیں۔صوفیہ مرزا کاسابق خاوند دو بیٹیاں زینب اور زنیرہ کو لے کر دبئی چلا گیا ہے ۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت دونوں بچیوں کو فوری طور پر دبئی سے واپس لانے کا حکم دے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار خاتون کے خاوند کا نام ای سی ایل میں شامل اور پاسپورٹ قبضہ میں لیا گیا تھا ۔اس کا خاوند جعلی پاسپورٹ پر بچیوں کے ہمراہ متحدہ عرب امارات چلا گیا تھا۔درخواست گزار خاتون کے خاوند کو بچوں سمیت واپس لانے کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کر رکھے ہیں ۔بچیوں کو بیرون ملک سے لانے کے لئے تمام اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، عدالت نے بچیوں کو بیرون ملک سے لانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت سات دسمبر تک ملتوی کر دی۔ 

مزیدخبریں