متھن چکرورتی کے بیٹے پر مقدمہ درج

17 Nov, 2020 | 03:44 PM

Atiq Shah

سٹی 42: بالی وڈ کےڈسکو ڈانسرمتھن چکرورتی کے بیٹے مہاکشے چکرورتی کے خلاف عصمت دری اور زبردستی اسقاط حمل کرانے پر مقدمہ درج، متھن چکرورتی کی اہلیہ اداکارہ یوگیتا بالی نے متاثرہ لڑکی کو دھمکیاں بھی دیں۔
 
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ  متاثرہ لڑکی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ وہ 2015 سے مہاکشے کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھی اوران  کی ماں نے دونوں کی شادی کرانے کا وعدہ کیا تھا ۔ گزشتہ چار برسوں سے مہاکشے نے اس کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کئے اور جب وہ حاملہ ہو گئی تو اس پر اسقاط حمل کرانے کے لئے دباؤ ڈالا ، لیکن اس کے انکار کئے جانے پر اسے کچھ گولیوں کھلا کر اسقاط حمل کیا گیا۔

متاثرہ لڑکی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اداکارمتھن چکرورتی  کی اہلیہ یوگیتا بالی نے بھی اس معاملے کو رفع دفع کرنے کی دھمکی دی ہے۔اوشیوارا پولیس نے متاثرہ  لڑکی کی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کر لی ہے ،تا ہم ابھی تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ متاثرہ لڑکی نے اس معاملے میں ماضی میں بھی رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی تھی ، لیکن پولیس نے روایتی انداز اپناتے ہوئے معاملہ پرسنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے مقدمہ  درج نہیں کیا ۔ اسی دوران متاثرہ لڑکی دہلی شفٹ ہو گئی ۔ بعد ازاں  اس نے ایف آئی آر درج کروانے کے لئے بھارت کے دارالحکومت دہلی کی روہنی عدالت میں اپیل کی تھی ۔ عدالت نے بادی النظر ثبوت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرنے اور اس سے متعلق  معاملے کی جانچ پڑتال  کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ عدالت کی ہدایت پر ممبئی کے اوشیوارا پولیس تھانہ ایف آئی آر درج در ج کر کے کاروائی شروع کر دی ہے۔ مہا کشے  پراس سے قبل 2018 میں بھی ایک بھوج پوری اداکارہ نے ان سے شادی کا وعدہ کرکے جنسی زیادتی اور اسقاط حمل کا الزام عائد کیا تھا۔

مزیدخبریں