سٹی 42:ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کے کورونا ایڈوائزری گروپ کے ماہرین کی جانب سے تمام مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے سمیت ہفتہ میں ایک دن تمام مارکیٹس مکمل بند رکھنے کی سفارشات پیش کر دی گئیں۔
آوٹ ڈور شادی ہالز کی تقریبات میں تعداد 300 افراد، شادی ہالز میں کھانا بوفے کی بجائے پیکنگ میں دینے کی تجاویز دی گئی ہیں۔پنجاب حکو مت کی جانب سے یہ فیصلہ اسوقت کیا گیا جب کورونا کیسز بڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔
این سی او سی اجلاس میں پنجاب حکومت کی ایڈوائزری رپورٹ کی جانب سے یہ سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ این سی او سی ان سفارشات پر حتمی منظوری دیگی۔ بہرحال پنجاب حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر ان تمام سفارشات کی منظوری دیدی گئی ہے۔
خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ تمام ایس او پیز پر عمل کریں ہم کاروبار بند نہیں کریں گے جبکہ ملک بھر میں جلسے جلوسوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔
یاد رہے ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 33 افراد وائرس سے جاں بحق ہوگئے۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29378 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2050 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 33 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7193 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 61082 تک جا پہنچے ہیں۔اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1010 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔