عارف علوی نے خصوصی بچوں کو خوشخبری سنادی

17 Nov, 2020 | 03:02 PM

NASIR AMIN

قذافی بٹ : صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں خصوصی بچوں کو داخلہ دیا جائے گا،ایسے اقدامات ضروری ہیں کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کیا جاسکے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کی بحالی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی و دیگر جدید تکنیک کو فروغ دینے اور ان کے استعمال کی اشد ضرورت ہے ان افراد کو تعلیم اور ملازمت میں بھی مساوی حقوق حاصل ہونے چاہیئں - انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر ممکن مالی و دیگر امداد میں توسیع کرکے غریب ، مستحق اور ضرورت مند خاندانوں اور خصوصی افراد پر توجہ دی ہے- صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عوام کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچاﺅ کیلئے حکومتی ایس او پیز پر عمل کریں-

ادھرجوہر ٹاون میں انسٹیٹوٹ آف فیشن ڈائزئن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کوعلم کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے، نوجوانوں کورجحانات کےمطابق آگےبڑھنےکےمواقع ملنےچاہئیں - انہوں نے کہا کہ آرٹ،فیشن،ایڈورٹائزنگ کےشعبوں میں بہت جدت آگئی ہے-

واضح رہے کہ پاکستان میں 18 سال تک کی عمر کے 60 لاکھ سے زائد بچے کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہیں جن میں ذہنی معذور بچوں کی تعداد 30 فیصد، نابینا پن کا شکار 20 فیصد، قوت سماعت سے محروم 10 فیصد جبکہ جسمانی معذوری کا شکار بچے 40 فیصد ہیں۔ ادارہ شماریات کے 16 اکتوبر 2012ء کو جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی آبادی 181 ملین ہے، جس میں سے معذور افراد کی کل تعداد ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد ہے یعنی کل آبادی کا تقریباً 7 فیصد۔1998کی مردم شماری کے مطابق پنجاب میں 18,26,623، سندھ میں 9,29,400، خیبرپختونخواہ میں 3,75,448، بلوچستان میں 1,46421، فاٹا میں 21,705 جبکہ آزاد کشمیر میں 80, 333 افراد کسی نہ کسی معذوری میں مبتلا ہیں۔

مزیدخبریں