والدین اب بچوں کو ویڈیو گیمز کھیلنے سے نہیں روکیں گے

17 Nov, 2020 | 02:43 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : ویڈیو گیمز کو بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے لیکن اب سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس عام تاثر کے برعکس ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ والدین اپنے بچوں کے ویڈیو گیمز کھیلنے پر خوش ہوا کریں گے۔

میل آن لائن کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ویڈیو گیمز کھیلنے سے بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے اور ان کی جسمانی صحت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ آکسفورڈ انٹرنیٹ انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 18سے 40سال عمر کے لوگوں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ان کی ذہنی استعداد کار کا جائزہ لیا۔ ان میں سے ایک گروپ کے لوگ ایسے تھے جو بچپن اور لڑکپن میں ویڈیو گیمز کھیلتے رہے تھے یا اب بھی کھیل رہے تھے اور دوسرے گروپ کے لوگوں کو کبھی ویڈیو گیمز میں دلچسپی نہیں رہی تھی۔
 
سائنسدانوں نے ان گروپوں کے لوگوں کے ورکنگ میموری ٹیسٹ سمیت دیگر طریقوں سے ذہنی استعداد کار چیک کی جس میں معلوم ہوا کہ جو لوگ ویڈیو گیمز کھیلتے رہے ان کی یہ صلاحیتیں دوسرے گروپ کی نسبت کئی گنا زیادہ تھیں۔ ان کے برعکس جو لوگ ویڈیو گیمز نہیں کھیلتے رہے تھے ان میںچیزوں کا تجزیہ کرنے اور چیزوں کو ذہن نشین کرنے کی صلاحیتوں کا فقدان تھا۔جسمانی اعتبار سے بھی یہ لوگ گیمز کھیلنے والوں کی نسبت کچھ سست الوجود پائے گئے۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر اینڈریو رزیبیلسکی کا کہنا تھا کہ ”ہماری تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ ویڈیو گیمز لازمی طور پر نقصان دہ ہی نہیں ہیں، ان کے بہت سے فوائد بھی ہیں جو لوگوں کی ذہنی وجسمانی صحت پر مرتب ہوتے ہیں۔ ہماری تحقیق میں جسمانی صحت سے زیادہ ویڈیو گیمز کھیلنے والوں کی ذہنی و نفسیاتی صحت پر ان کے بہت زیادہ مثبت اثرات پائے گئے ہیں۔

مزیدخبریں