ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صورتحال خطرناک، پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح 7 فیصد سے بڑھ گئی

صورتحال خطرناک، پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح 7 فیصد سے بڑھ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز مثبت آنے کی شرح 7 فیصد سے بھی تجاوز کر گیا، موذی وائرس 24گھنٹے کے دوران مزید 33جانیں نگل گیا، 2050  نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، ملک میں کورونا وائرس کے 218 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.2 فیصد تک جا پہنچی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29511 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2050  افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 33 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ملک میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7193 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 61 ہزار 82 تک جا پہنچے ہیں، اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 599 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

 سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 528 ہوگئی ہے جبکہ  2 ہزار 751 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں، پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار 47 ہے اور 2492 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16 ہزار 449 اور ہلاکتیں 156 ہوچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 42 ہزار 615 اور 1315 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 538  افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 126 افراد انتقال کرگئے۔ 

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 24 ہزار 444 ہے اور اب تک 260 مریض انتقال کرچکے ہیں، گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4461 اور 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت نے اہم فیصلے کرلیے، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جلسے، جلوس پر پابندی ہو گی، فیکٹریوں، دکانوں اور کاروباری مراکز میں کورونا سے بچائوکے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،شادی ہالز کی بجائے کھلی جگہ پر تقریبات منعقد ہوں گی، کسی بھی قسم کی تقریب میں 300 سے زائد لوگ شامل نہیں ہوں گے،  شادی کا کھانا ڈبوں میں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں کورونا کی صورتحال کا مزید جائزہ لے کر آئندہ ہفتے فیصلہ کیا جائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer