ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں دو قتل ہونگے، حرامانی

17 Nov, 2019 | 01:58 PM

Shazia Bashir

(زین مدنی ) نجی ٹی وی کا مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو  کی اداکارہ حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامے میں ایک نہیں دو قتل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق مقبول ترین ڈرامے میرے پاس تم ہوکی اداکارہ حرا مانی نے ایک انٹرویو میں کہانی سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، ڈرامے دو بول سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ وہ ڈرامے میں ہانیا نامی ٹیچر کا کردار ادا کررہی ہیں، جو دانش (ہمایوں سعید) کے بیٹے رومی کی ٹیچر ہے۔

حرا نے ڈرامے میں کردار ادا کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے صرف ایک انسان کی وجہ سے یہ ڈرامہ سائن کیا اور وہ شخص ڈرامے کے ہدایت کار ندیم بیگ ہیں، حرا مانی کا کہنا تھا کہ جب مجھے اس ڈرامے کی پیشکش ہوئی تھی تو میں نے ہمایوں سعید سے کہا تھا کہ آپ اس میں ہیرو ہیں اور عائزہ ہیروئن کیا مجھے دو بول کے بعد یہ ڈرامہ کرنا چاہئے، جس پر ہمایوں نے کہا حرا اگر یہ ڈرامہ ہٹ ہوگیا اور جس وقت ڈرامے میں تمہاری انٹری ہے تو تمہاری مقبولیت مزید بڑھ جائے گی۔

اداکارہ کا کہنا ہے ڈرامے میں میرا کردار مختصر ہے لیکن کبھی کبھی چھوٹی چیزوں سے آپ بہت کچھ حاصل کرلیتے ہیں، ہدایت کار ندیم بیگ کا شمار پاکستان کے بڑے ہدایت کاروں میں ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس ڈرامے میں کام کرنے کی ہامی بھری تھی۔

حرا مانی سے جب یہ پوچھا گیا کہ عدنان صدیقی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آگے جاکر ڈرامے میں ایک قتل ہوگا کیا واقعی ایسا ہی ہے؟ جس پر حرا نے جواب دیا کہ ایک نہیں دو قتل ہوں گے تاہم حرا نے یہ بتانے سے گریز کیا یہ قتل کس کردار کے ہوں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل جب گزشتہ قسط میں حرا مانی کی انٹری ہوئی تھی تو مداحوں کی جانب سے ان کی انٹری کو بے حد پسند کیا گیا تھا، چند صارفین نے ان کی انٹری پر تنقید بھی کی تھی۔   

مزیدخبریں