"وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا"

17 Nov, 2019 | 01:19 PM

Sughra Afzal

(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 104 روز سے جاری بدترین کرفیو اس صدی کا سب سے بڑا المیہ ہے، مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، عالمی برادری معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے صورتحال کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم اور جبر کی دنیا کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی، کشمیریوں کو خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم کر کے بھارتی وحشت آشکار ہو چکی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے، بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، ہمارے اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے، کشمیر میں شمع آزادی بجھنے نہیں پائے گے، مسلسل کرفیو اور بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود آج بھی کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی عزائم پورے نہیں ہوں گے، پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کوکبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔

مزیدخبریں