دور نایاب: صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے وائس چئیرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کے ساتھ شوکت خانم فلائی اوور منصوبے کا جائزہ لیا، ان کا کہنا ہے کہ منصوبہ چار ماہ کی تاخیر کا شکار ہوا جسے جلد مکمل کریں گے۔
اس موقع پر ممبر ٹیکنیکل عامر قریشی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے اقرار حسین، پراجیکٹ مینیجر حبیب کنسٹرکشن سروسز محمد حبیب، ماجد رشید، نیسپاک حکام سمیت دیگر افسر موجود تھے، میاں محمود الرشید کو پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوکت خانم فلائی اوور منصوبہ 22 مارچ 2018 میں شروع ہوا جس پر ترانوے کروڑ نوے لاکھ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، منصوبے پر پچاسی فیصد کام مکمل جب کہ پچاس فیصد ادائیگیاں کی گئی ہیں۔
وائس چئیرمین ایس ایم عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافر خانوں میں پیپرا رولز کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے رہے ہیں، میاں محمود الرشید نے کہا کہ شوکت خانم منصوبہ فنڈز نہ ملنے سے تاخیر کا شکار ہوا، جلد ایل ڈی اے کا بجٹ پاس ہوجائے گا اور منصوبہ مکمل ہوگا۔