سٹی42: پنجاب میں سموگ کم کرنے کے لئے کاشتکاروں کو مونجی کی پرالی کرش کرنے کے لئے رائس سٹرا شریڈر اور سیڈر دینے کے پروگرام کا عملی آغاز ہو گیا۔مریم نواز شریف نے سموگ کے خاتمے کے لیے کاشتکاروں کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈر کی 60فیصد سبسڈی پرفراہمی کاوعدہ پوراکردیا.
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت محکمہ زراعت کے زیر انتظام کاشتکاروں کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈر کی فراہمی کےلئے تقریب رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں ہوئی۔
سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اس تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔ وزیر زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی ، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے تقریب میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت 8 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈر ساٹھ فیصد سب سڈی پر فراہم کئے جا رہے ہیں۔
وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت صوبہ کے 21 اضلاع میں شفاف قرعہ اندازی کے زریعہ پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈر حاصل کرنے والے کاشتکاروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ممبران صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، احسن ریاض اور رانا افضال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کاشتکاروں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔ سموگ کی وجہ سے لاہور ڈویژن سمیت کئی بڑے شہروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سموگ بننے کی وجوہات میں دھان کی باقیات کو آگ لگانا بھی شامل ہے۔ اسی لیے 8 ارب روپے کی کثیر لاگت سے آج صوبہ کے 21 اضلاع میں کاشتکاروں کو 5 ہزار پاک سیڈرز اور 2 ہزار رائس سٹرا شریڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
400 ارب روپے کا ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام
مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں 400 ارب روپے کے "ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان" پر عمل درآمد جاری ہے۔ جس کے تحت کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں زراعت کی ترقی کے لیے کوئی بھی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا ، جس کی وجہ سے کاشتکار زبوں حالی کا شکار ہے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے گی ۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا خواب ہے کہ پنجاب کے تمام کاشتکاروں کو سپرسیڈارز اور شریڈرز فراہم کئے جائیں۔
150 ارب روپے کے بلاسود قرضے کسان کارڈ سے ملیں گے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زراعت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت کا 150 ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے کسان کارڈ کا جلد اجراء کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ 80 ارب روپے کی لاگت سے 7300 کھالے پختہ کئے جا رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت 12 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری اور آلات فراہم کیے جائیں گے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی ترقی کے لیے ایک واضح روڈ میپ پر عمل درآمد کر رہی ہے جس کے ثمرات جلد ملنا شروع ہو جائیں گے۔
دس ہزار درخواستوں کی قرعہ اندازی
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب نے وزیراعلی کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت آج 21 اضلاع میں شفاف قرعہ اندازی کا اہتمام کیا۔ محکمہ زراعت کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈرر کے لیے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جس کے تحت شفاف طریقے سے 7 ہزار خوش نصیب کاشتکاروں کو یہ جدید زرعی مشینری فراہم کی جائے گی۔ اس سے دھان کی باقیات کی تلفی آسانی سے ممکن ہوگی اور سموگ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
تقریب میں محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔