احتشام کیانی: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیریان وائٹ کیس کو ایک سال تک انتظار کروانے کے بعد آخر کار نیا بنچ بنا کر سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔
عدالت عالیہ کی ریگولر کاز لسٹ برائے 21 مئی 2024 کے مطابق ٹیریان وائٹ کیس کو کورٹ نمبر چار میں سنا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ٹیریان وائٹ کیس کی سماعت کیلئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں نیا لارجر بنچ تشکیل دے دیا ۔ جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی بنچ میں شامل ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ٹیریان وائٹ کیس میں فریق بنایا گیا ہے۔
گزشتہ بنچ کے دو ارکان کا متنازعہ" فیصلہ"
چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں سماعت کرنے والا بنچ دو ججوں کی جانب سے اپنا فیصلہ عدالتی طریقہ کار کے برعکس سنا کر اسے ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دینے کے سبب چیف جسٹس کے حکم پر ٹوٹ گیا تھا۔ اس کے بعد نیا بنچ نہ بنائے جانے کے سبب یہ اہم کیس ایک سال سے سرد خانہ میں پڑا تھا۔
چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنے گزشتہ بنچ میں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی ممبر تھے۔
جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے اچانک ٹیریان کیس ناقابل سماعت قرار دے دیا تھا اور اس ضمن میں اپنے فیصلہ کو بنچ کے سربراہ چیف جسٹس عامر فاروق کے ساتھ ڈسکس کئے بغیر ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا تھا۔
چیف جسٹس آفس نے دو ججز کا متنازعہ فیصلہ ویب سائٹ سے ہٹا کر پریس ریلیز میں نیا بنچ تشکیل دینے کا اعلان کر دیا تھا تاہم یہ بنچ بنانے کی نوبت آج آئی ہے۔