عرفان ملک : لاہور پولیس آپریشنز ونگ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سرگرم ہوگئی، 15روزمیں ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث106 گینگز کے230ممبران گرفتار کرلیے گئے ۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے4کروڑ79لاکھ سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا، ملزمان سے 262 موٹر سائیکلیں، 134موبائل فون، 7گاڑیاں و دیگر سامان برآمد ہوا۔
ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزمان سے554 مقدمات بھی ٹریس کئے گئے۔
دوسری جانب ناجائز اسلحہ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 358ملزمان گرفتار کئے گئے، ملزمان سے2 کلاشنکوف،17رائفلز،17 بندوقیں،306 پسٹلزاورسینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ اس کے علاوہ منشیات برآمدگی پر427 ملزمان کوگرفتار کیا گیا، ملزمان سے 194کلو 341گرام چرس، 5کلو 190 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ۔
محمد فیصل کامران کا کہنا ہے کہ اشتہاروں و عادی مجرمان کے خلاف بھی موثر کاروائیاں عمل میں میں لائی گئیں، جن میں 359اشتہاری،215 عادی مجرمان ،775 عدالتی مفروران کو حراست میں لیا گیا، اس کے علاوہ قمار بازی میں ملوث 194ملزمان گرفتار کرلیے گئے، ملزمان سے داؤ پر لگی10لاکھ سے زائد رقم بھی برآمد ہوئی ۔