( اویس کیانی)ملک بھرمیں اب یونین کونسل سے شناختی کارڈ بنیں گے ۔یوسیز میں بائیومیٹرک مشینیں نصب ہوں گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹر زاسلام آباد کادورہ کیا ، جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لئے مؤثر ایکشن لینے کا حکم دے دیا ۔کہتے ہیں کہ پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کی سہولت دی جائے گی،پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی ۔شناختی کارڈز کے نظام کو فول پروف بنانے، بہتر اور تیز رفتار بنانے کا پلان طلب کرلیا ۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ نادرا سنٹرز کے دورے کئے ۔ حالات کا جائزہ لیا۔ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے،ایسا پلان بنایا جائے جس سے نادرا سنٹرز پر آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سنٹرز میں اضافے کا 7 روز میں پلان طلب کر لیا،کراچی، لاہور،پشاور،کوئٹہ، اسلام آباد،راولپنڈی میں مزید سنٹرز بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کردی ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لئے موثر ایکشن کا حکم دیدیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا آپریشنل روم کا دورہ کیا ،وفاقی وزیرداخلہ کو پاکستان بھر کے نادرا سنٹرز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کے بارے بریفنگ دی گئی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نادرا ہیڈ کوارٹر کے کانفرنس روم میں اجلاس بھی ہوا،نادرا کو عوام کے لئے مزید فرینڈلی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا،وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور نادرا کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔