گوگل کا غیر متحرک اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا اعلان

17 May, 2023 | 05:23 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: اگر آپ نے اپنے گوگل اکاؤنٹ کو کافی عرصے سے استعمال نہیں کیا تو بہتر ہے کہ ایک بار اس پر سائن ان ہو جائیں۔

گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا جو گزشتہ 2 سال سے غیر متحرک ہیں۔اس پالیسی کا اطلاق دسمبر 2023 میں ہوگا اور اس میں جی میل، ڈاکس، ڈرائیو، میٹ، کیلنڈر، یوٹیوب اور فوٹوز کے لیے گوگل اکاؤنٹس کو شامل کیا جائے گا۔کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس طرح کے غیر متحرک اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔اسی طرح غیر متحرک اکاؤنٹس کے لیے 2 فیکٹر authentication سیٹنگ کے استعمال ہونے کا امکان بھی بہت کم ہوتا ہے۔ گوگل کا کہنا تھا کہ ان اکاؤنٹس کی سکیورٹی کمزور ہوتی ہے اور ایک بار وہ ہیک ہو جائیں تو انہیں غیر قانونی مقاصد یا اسپام مواد پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق سب سے پہلے ایسے گوگل اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جن کو بنانے کے بعد کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔کسی اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کرنے سے قبل متعدد نوٹیفکیشنز بھی ارسال کیے جائیں گے۔یہ نوٹیفکیشنز صارف کے مرکزی ای میل ایڈریس کے ساتھ ساتھ بیک اپ ای میل ایڈریس پر بھیجے جائیں گے۔اس پالیسی کا اطلاق ذاتی گوگل اکاؤنٹس پر ہوگا جبکہ اداروں سے منسلک اکاؤنٹس متاثر نہیں ہوں گے۔اس سے قبل گزشتہ دنوں ایلون مسک کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بہت جلد ایسے ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیے جائیں گے جو کافی عرصے سے غیر متحرک ہیں۔

مزیدخبریں