(ویب ڈیسک)شہر قائد میں ہوئے دھماکوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے اور متحدہ لندن کے سلیپر سیل سے ریکی کا انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی دھماکے سے متعلق قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تجزیاتی رپورٹ سامنے آگئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی میں ہوئے تینوں دھماکوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی راملوث ہے، صدر اور بولٹن مارکیٹ دھماکوں میں 3 دہشت گرد گروپوں نے باہمی معاونت کی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ متحدہ لندن کے سلیپر سیل سے ریکی کا کام لیا جارہا ہے، ماضی میں اس طرح کے بم بنانا کالعدم تنظیم کا طریقہ رہا ہے۔بم نصب کرنے اور دھماکے میں کالعدم ایس آراے کی مدد لی گئی ، مقصد قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ تجارتی علاقوں کو نشانہ بنانا ہے۔دھماکے میں کئی گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ بم سائیکل میں نصب تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کھارادر میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں بھی دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اورتیرہ زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں چین کے 3 اساتذہ اور ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہو گئے تھے، کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے اس خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بی ایل اے نے قبول کی تھی۔