وقاص احمد: لاہور والے عید کی خوشیاں منانے آبائی علاقوں کو چلے گئے لیکن چوروں اور لٹیروں نے ان کی جمع پونجی پرنظریں جما لیں۔ چوروں اور لٹیروں نے درجنوں وارداتوں میں جہاں شہریوں کو لوٹا وہی سرکاری ملازمین اور پولیس افسران کو بھی نا بخشا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران پے در پے وارداتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں وارداتوں کے دوران جہاں شہری کروڑوں روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان سے ہاتھ دھو بیٹھے وہی فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں مقیم موٹروے پولیس کا انسپکٹر عدنان بھی چالیس تولے زیورات اور لاکھوں روپے کی نقدی سے محروم ہوگیا۔ اہلخانہ کی غیر موجودگی میں لٹیروں نے دروازے توڑ کر گھر کا صفایا کر دیا۔
ادھر چوروں اور لٹیروں نے پنجاب سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی نا چھوڑا۔چوروں نے وحدتِ کالونی میں اعجازِ رضوی کے گھر داخل ہو کر لاکھوں کے زیورات،نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اعجاز رضوی عید اپنوں کے ساتھ منانے کے لیے آبائی گاؤں گیا ہوا تھا۔
عید کے دوران ہی چوہنگ، ڈیفنس، ہربنس پورہ، لیاقت آباد، شاہدرہ، نواب ٹاؤن اور رائیونڈ میں بھی متعدد شہریوں کے گھروں کا صفایا ہوچکا ہے۔ عید کی خوشیوں میں بھی ڈاکوؤں اور لٹیروں نے شہریوں کا پیچھا نا چھوڑا اور چھٹیاں کے اختتام پر متاثر شہریوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔