ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کا ہوم گراؤنڈ کھنڈرات میں تبدیل

17 May, 2020 | 11:22 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کا ہوم گراؤنڈ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا، انفٹری روڈ اور میاں میر سپورٹس کمپلیکس میں واقع کرکٹ گراؤنڈ عبدالقادر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان محض اعلان ہی ثابت ہوا۔

سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر کا ہوم گراؤنڈ میاں میربارہ دری گراؤنڈ خستہ حالی کا شکار ہے، عبدالقادر کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز عامر سہیل، نوید انجم کے علاوہ کئی فرسٹ کلاس کرکٹرز نے اسی گراونڈ سے کرکٹ کا آغاز کیا۔

مرحوم عبدالقادرکی زندگی میں ہی یہ گراؤنڈ بدحالی کا شکار ہونے لگا تھا، جس پر عبدالقادر نے گراؤنڈ بحالی کے لیے کوششیں کیں۔ گزشتہ برس چھ ستمبر کو عبدالقادرکی وفات کے موقع پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے ساتھ ساتھ گورنر پنجاب نے انفٹری روڈ اور میاں میر کرکٹ اسٹیڈیم کا نام عبدالقادر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا، اسٹیڈیم کا نام تو تبدیل نہ ہوا مگر اسٹیڈیم کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا۔

نوجوان کرکٹرز نے حکومت اور کرکٹ بورڈ سے تاریخی گراؤنڈ کو بحال کرکے محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا۔عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے رحمن قادر کا کہنا تھا کہ افسوس کہ کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا۔

کرکٹ حلقوں نے حکومت اور پی سی بی سے اپیل کی ہے کہ میاں میر بارہ دری گراؤنڈ کا نام عبدالقادرسے منسوب کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی بحالی کےلیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

مزیدخبریں