رائل پارک ( زین مدنی ) معروف اداکارہ منشا پاشا کو سوشل میڈیا پر اُن کے بھارتی مداح نے امن بھرا پیغام دیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ منشا پاشا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کچھ پیغامات کی تصاویر شیئر کیں۔ منشا پاشا کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصاویر اُس گفتگو کی ہیں جو اُنہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بھارتی مداح سے کی تھی۔
منشا پاشا کی جانب سے گفتگو کی شیئر کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُن کا بھارتی مداح اُن سے کہہ رہا ہے کہ میڈم آپ اپنے بہت سے ٹوئٹ میں بھارت کے بارے میں بات کرتی ہیں یہاں میں کچھ کہنا چاہتا ہوں کہ جس طرح پاکستان میں امن پسند لوگ ہیں اِسی طرح بھارت میں بھی بہت سے لوگ ایسے ہیں جو امن پسند ہیں جو یہ چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ پیار و محبت کے ساتھ رہیں۔
بھارتی مداح نے لکھا کہ جس طرح پاکستانی بھارتی انٹرٹینمنٹ مواد کو پسند کرتے ہیں اِسی طرح ہم بھی پاکستان کے فن کو دیکھنا پسند کرتے ہیں لیکن بھارت میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو دشمن عناصر ہیں جو بد امنی کو فروغ دے رہے ہیں، آپ اُن چند لوگوں کی وجہ سے پورے بھارت کو قصور وار نہ ٹھہرائیں کیونکہ ہم امن چاہتے ہیں۔
مداح نے لکھا کہ ہم آپ کو اور دیگر پاکستانی فنکاروں کو بہت پسند کرتے ہیں، آپ اپنا خیال رکھیں۔ بھارتی مداح کے اِس امن بھرے پیغام پر منشا پاشا نے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگا کہ آپ نے اپنی سوچ کو میرے سامنے رکھا، میں آئندہ اِس بات کا خیال رکھوں گی، میری طرف سے آپ کے لیے بہت سارا پیار اور اپنا خیال رکھیں۔
واضح رہے کہ منشا پاشا اکثر اپنے ٹوئٹر پیغامات میں بھارتی حکومت پر تنقید کرتی نظر آتی ہیں، حال ہی میں اُنہوں نے مودی کی حمایت کرنے والی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت پر شدید تنقید کی تھی۔