ٹینس سٹار نے بھی کھیل کے میدان آباد کرنے حمایت کردی

17 May, 2020 | 04:29 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) ٹینس سٹار اعصام الحق نے بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھیل کے میدان آباد کرنے کی حمایت کردی، کہتے ہیں کہ ٹینس میں نمائشی میچز ہوسکتے ہیں مگر انٹر نیشنل ٹورنامنٹس مشکل ہیں۔

قومی ٹینس اسٹار اعصام بالحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کی موجودگی میں فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر ٹینس کی سرگرمیاں شروع کرنا بہت مشکل ہے، تاہم مقامی سطح پر احتیاطی تدابیر کے ساتھ نمائشی میچز کا انعقاد ممکن ہے۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ ٹینس کے ایک بڑے ٹورنامنٹ میں دنیا کے کونے کونے سے کھلاڑی شرکت کے لیے پہنچتے ہیں، تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کرکے انہیں ایک جگہ قرنطینہ میں رکھنا آسان کام نہیں۔

‏اعصام الحق کا کہنا تھا کہ ٹینس کے بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے انعقاد میں ابھی وقت لگے گا، یہ کھیل کرکٹ اور فٹ بال کی طرح نہیں کہ ایک جگہ کھلاڑیوں کو اکٹھا کرکے بند دروازوں میں میچز کرا لیے جائیں۔ اعصام الحق کا کہنا تھا کہ آہستہ آہستہ کھیل کے میدان آباد کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے  سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کورونااحتیاطی تدابیر کے ساتھ کرکٹ بحالی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کرکٹ کا بحال ہونا بہت ضروری ہے،احتیاطی تدابیر کے لئیے نئے قوانین بننے چاہئیں۔گیند کو تھوک لگانے اور جشن نہ منانے کی ممانعت تو ایک دو ماہ بعد تبدیل ہو سکتی ہے۔کوروناوائرس کےخاتمے کے بعد ماضی کی روایا ت کو واپس لایا جا سکتا ہے ۔

قومی کر کٹ ٹیم کے  سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد  کا مزید کہناتھا کہ انگلینڈ میں فٹ بال اور کرکٹ کی بحا لی کا عمل شروع ہوناخوشی کی بات ہے۔موجودہ صورتحال میں مثبت ماحول قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔زندگی چلتی رہنی چاہیے ،اللہ سے دعا ہے جلد کوروناوائرس سے نجات ملے۔ کرکٹ لوگوں کو ذہنی اطمینان دے گی اور سوچ کو  کوروناوائرس سے دور لے جائے گی۔

مزیدخبریں