روزہ دار احتیاط کریں, مئی کا مہینہ اپنا رنگ دکھانے لگا

17 May, 2020 | 02:15 PM

Shazia Bashir

 سعدیہ خان: مئی کا مہینہ اپنا رنگ دکھانے لگا، دن کے اوقات میں درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کا احساس بڑھ گیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور کا مطلع خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

سورج کا پارہ  ہائی ہوگیا اور دن کے اوقات میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی اور وسطی پنجاب کے کچھ شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوگی، جبکہ لاہور میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور آج شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اورمئی کے آخری ہفتے میں موسم گرم ترین رہے گا جبکہ آئندہ ہفتے بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔ دو روز قبل شہر کا  کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا اور ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد  رہا جبکہ شام میں نمی کا تناسب 41 فیصد تک ریکارڈ  کیا گیا تھا۔

دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر  لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے،  شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت  لاہور میں   ائیرکوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 50 تک پہنچ گیا ہے، شہر کو گزشتہ ایک ہفتے میں مسلسل گرین لائن میں شامل کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ  لاہور کو آلودہ ترین شہر کہا گیا تھا، آلودگی دنیا بھر کا مسئلہ ہے، وہ چاہے فضائی ہو، آبی ہو، موسمیاتی ہو یا پھر زمینی لیکن شہر  لاہور میں دیگر آلودگیوں کیساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، انسانی سرگرمیوں کو اس آلودگی کی بڑی وجہ کہا جاسکتا ہے۔

 
 

 

 

مزیدخبریں