غوث الاعظم روڈ (زین مدنی )معروف اداکار افضل خان عرف جان ریمبو نے مقبول ترین تُرک سیریز ارطغرل غازی جیسا کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پرجاری کردہ اپنے پیغام میں جان ریمبو نے ’ارطغرل غازی‘ کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ارطغرل غازی کی تعریف میں کہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کام دیکھ کر ایک حسرت ہوتی ہے کہ کاش ہم سے بھی کام لیا جاتا یہاں تو ایک جیسا کام دے دے کر ایکٹر پر چھاپ لگا دیتے ہیں ۔
میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ارطغرل ڈرامے کے لئے???? ایسا کام دیکھ کر ایک حسرت ہوتی ہے کہ کاش ہم سے بھی کام لیا جاتا یہاں تو ایک جیسا کام دے دے کر ایکٹر پر چھاپ لگا دیتے ہیں ????
— Jan Rambo (@ramboActor) May 15, 2020
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ترکی کا مقبول ترین تاریخی ڈرامہ ارطغرل غازی پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی ہوم پر نشر کیا گیا جس نے ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کی۔
پاکستان میں پہلی رمضان سے روزانہ نشر کیا جانے والا ڈراما 'ارطغرل غازی' ہر گزرتے دن کے ساتھ نیا ریکارڈ بنا رہا ہے اور اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ پاکستان میں ارتغرل غازی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے باآسانی لگایا جا سکتا ہے کہ ڈرامے کی پہلی قسط کو چند روز میں ہی کروڑوں صارفین نے دیکھا۔
سوشل میڈیا پر ترکش ڈرامہ نشر ہونے کے بعد سے ہی ڈرامے کی کردار 'حلیمہ' اور ' ارتغرل غازی' کے خوب چرچے کیے جارہے ہیں۔’’ ارطغرل غازی‘‘ نے پی ٹی وی پر نشر ہوتے ہی ریکارڈ بنادیے ہیں،یوٹیوب پر تو پی ٹی وی نے جھنڈے گاڑ دیے ہیں،اس ڈرامے نے پی ٹی وی کو ایک بار پھر زندہ کردیا ہے۔ڈرامے کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا اور ' ارطغرل غازی' کے یوٹیوب چینل پر صرف 20 روز میں2 ملین سے بھی زیادہ سبسکرائبرز ہو گئے۔