ڈالر نے راکٹ کی رفتار پکڑلی، روپیہ منہ تکتا رہ گیا

17 May, 2019 | 02:03 PM

Sughra Afzal

(حسن علی) ڈالر کی پرواز کو قابو کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، انٹربینک میں ڈالر 2 روپے اضافے کے بعد ملکی  تاریخ کی بلند ترین سطح 149 روپے پر پہنچ گیا، فاریکس ڈیلر زنےخریدو وفروخت روک دی۔

حکومت کی جانب سے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے اور روپے کی قدر کو بہتر کرنے کے دعوے صرف دعوے ہی  رہ گئے،  انٹربینک میں ڈالر 2 روپےمہنگا ہونے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 149 روپے پر پہنچ گیا، فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہےکہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوجانا حکومت کی نااہلی ہے، بدھ کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 144 روپے پر مقررکی گئی لیکن انٹربینک  میں 2 روز میں ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے اضافہ حکومتی نااہلی ہے۔

 انکا کہنا ہےکہ ہمیشہ فاریکس ڈیلرز کیخلاف کارروائی کی جاتی ہے لیکن انٹر بینک ڈالر کی قیمت کا تعین کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے نہ کہ فاریکس ڈیلرز کی،  اگرحکومت نے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول نہ کیا تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں5 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ڈالر147روپے پر بند ہوا تھا ۔

مزیدخبریں