ایئر ہوسٹس کے بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچنے پر پی آئی اے کو 250 ڈالر کا جرمانہ

17 Mar, 2024 | 09:24 PM

سعید احمد سعید: ٹورنٹو پرواز پر ایئر ہوسٹس کے بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچنے پر پی آئی اے  کو 250 ڈالر کا جرمانہ ہو گیا۔

 ذرائع کے مطابق ٹورنٹو پرواز پر پی آئی اے ائرہوسٹس کا کارنامہ سامنے آ گیا،  فضائی میزبان سمیرا پاسپورٹ کے بغیر ہی کینیڈا پہنچ گئیں، یہ واقعہ 2 روز قبل 15 مارچ کا ہے، پی آئی اے ایئرہوسٹس کی ڈیوٹی اسلام آباد ٹورنٹو پرواز پی کے 781  پر تھی، اسلام آباد سے ٹورنٹو کا سفر پی آئی اے ایئرہوسٹس نے جنرل ڈکلئیریشن کی دستاویزات پر کیا، ایئرہوسٹس کے بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچنے پر پی آئی اے پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

 ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پے در پے پی آئی اے کے کئی فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں امیگریشن کیلئے غائب ہو جانے کی وجہ سے اس تازہ واقعہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، گذشتہ 2 برسوں میں پی آئی اے کے 10 سے زائد فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتہ ہو چکے ہیں۔

 دوسری جانب پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرہوسٹس کے کینیڈا میں رک جانے اور سیاسی پناہ طلب کرنے کی اطلاعات درست نہیں، ایئرہوسٹس کے بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچنے کی وجہ سے پی آئی اے پر 250 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں