بسام سلطان : رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ لاہورکے افسران فیلڈ میں متحرک ہوگئے، مختلف اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے اتوارکےروز مختلف بازاروں کے دورے کیے گئے۔
کمشنر لاہورمحمدعلی رندھاوا کی جانب سے اتوارکےروزبھی مختلف بازاروں کے دورے کیے گئے، کمشنر لاہورنے ٹاؤن شپ رمضان ماڈل بازاراورمیاں پلازہ رمضان ماڈل بازارکا دورہ کیا، اے سی ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف اور اے سی رائیونڈ زینب طاہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر لاہور نے آج کے نوٹیفائیڈ ریٹس کے مطابق سبزیوں و پھلوں کی قیمت فروخت کو چیک کیا۔ کمشنرلاہور نے ایگریکلچر پرائس شاپس اور شکایات کاؤنٹرز کو فرنٹ پرلگانےکی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام اضلاع کے تمام پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں، ناجائز منافع خوری پر سخت کارروائی ہورہی ہے۔ تمام مجسٹریٹس عام مارکیٹوں پر فوکس رکھیں، معیار و قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے۔
دوسری جانب اےسی سٹی رائے بابر نے ماڈل رمضان بازار سبزہ زار اور ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ کیا، سیکرٹری ایگریکلچر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اےسی سٹی نے ماڈل بازاروں میں اشیاضروریہ کی سپلائی، قیمتوں و سٹاک کا جائزہ لیا، انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، ساتھ ہی ماڈل رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے ماڈل بازار میاں پلازہ جوہر ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اےسی رائیونڈ نے اپنی نگرانی میں پیاز اور ٹماٹر کی فروخت کے عمل کو مانیٹر کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو پیاز اور ٹماٹر کے کاؤنٹر بڑھانے کی ہدایت کی۔