وزیراعظم سے طالب علم اکرام اللہ کی ملاقات، خوبصورت تحفہ دیدیا

17 Mar, 2024 | 02:37 PM

 اویس کیانی: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قلعہ سیف اللہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علم اکرام اللہ کی ملاقات کی.

 وزیراعظم نے اکرام اللہ کا وزیراعظم ہاؤس میں استقبال کیا. شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے پیش نظر میرے قلعہ سیف اللہ کے دورے میں اکرام اللہ مجھے خسنوب کے امدادی خیمے میں ملا تھا. اکرام اللہ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا. اکرام اللہ نے حصول تعلیم کے مواقع کی عدم موجودگی پر غم و غصے کا اظہار کیا تھا، اکرام اللہ نے تب اعلی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ مجھے آج یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہے کہ اکرام اللہ ایک پر اعتماد، پر جوش، فرمانبردار اور سلجھا ہوا طالب علم بن چکا ہے۔ 

وزیراعظم نے اکرام اللہ کو قلم اور نصابی سرگرمیوں میں مدد کیلئے اپنی ذاتی حیثیت میں ٹیبلیٹ کا تحفہ دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلیم کے حصول میں اکرام اللہ کے لیے مفید ثابت ہو گا۔ ملاقات میں اکرام اللہ نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے اس اقدام کو اسکی زندگی بدلنے کا وسیلہ قرار دیا.

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کے طور پر ہونہار طلباء کو میرٹ پر سکالرشپ پر بیرون ملک بھیجنے کی سکیم شروع کی تھی اور اب اسی طرز پر وفاقی سطح پر طلباء کے لیے سکالرشپ کا منصوبہ لائیں گے۔ تعلیم ہی ہمارے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ 

اکرام اللہ نے وزیراعظم کو کتب کا تحفہ پیش کیا۔ جس کے بعد وزیراعظم نے اکرام اللہ کو وزیراعظم ہاؤس سے خود الوداع کہہ کر رخصت کیا۔ ملاقات میں لارنس کالج کے پرنسپل اور ہاؤس ماسٹر بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ اکرام اللہ لارنس کالج مری میں نویں جماعت کا طالب علم ہے۔

مزیدخبریں