سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں  بیٹے کی پیدائش

17 Mar, 2024 | 11:07 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب کے مشہور آنجہانی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والے کے والدین چرن کور اور بلکور سنگھ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ 

 ننھے مہمان کی آمد کی اطلاع سدھو موسے والا کے والد نے  انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی۔ اکلوتے بیٹے کے بچھڑ جانے کے بعد سدھو موسے والا کے والدین بیٹے کی پیدائش پر خوش ہیں۔

 گلوکار کے والد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سدھو موسے والا سے پیار کرنے والے لاکھوں مداحوں کی دُعاؤں سے خدا نے ہمیں سدھو کے چھوٹے بھائی کی نعمت سے نوازا ہے۔

 اُن کا اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ہمارا چھوٹا بیٹا صحت مند ہے، میں تمام خیر خواہوں کی بے پناہ محبتوں کا شکر گزار ہوں۔

سدھو موسے والا کے مداحوں کی جانب سے اُن کے والد اور والدہ کو بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کی والدہ 58 اور والد 60 سال کے ہیں۔ 

 واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو  29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

مزیدخبریں