ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں،معیشت یہاں تک کیسے پہنچی اس کو دیکھنا ہوگا اور حل نکالنا پڑے گا، پیٹرولیم مصنوعات کے معاملات کو حکومت چیئرمین اوگرا پر چھوڑ دے وہ صورتحال بتادے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ مفلوج ہوکر رہ گئی ہے،ملکی حالات سے متعلق لاپرواہی کی جارہی ہے،مزید کہا کہ ہم نے ملکی صورتحال کی جانب توجہ دلانے کی کوشش کی، نہ ہم کسی کی تعریف کرتے ہیں نہ کسی پر تنقید کرتے ہیں،ہم مسائل کی نشاندہی کررہے ہیں تاکہ حل نکل سکے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ملکی مسائل پر بات کرنی چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نیب کیسز پر نوٹس لے لیں تو مہربانی ہوگی۔اسحاق ڈار نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اور پارلیمنٹ ان کیمرہ سیشن میں بات کریں،تمام ممالک اپنے اثاثوں کا تحفظ کرتے ہیں،حکمران ملکی مفادات کا تحفظ کریں۔
ا ن کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سیاست کے لیے موقع چاہیے،عمران خان پر حکومت سختی نہیں کرنا چاہتی اس کا فائدہ اٹھا کر وہ گھر بیٹھے ہیں، عمران خان عدالتوں میں جائیں اور ان کا سامنا کریں، عدالت نے وارنٹ جاری کیے وہاں پیش ہونا عمران خا ن کی ذمہ داری ہے اگر سابق وزیر اعظم عدالتی حکم پر علمدرآمد نہیں کرے گا تو لوگ کیسے کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں سیاستدانوں کو تکلیفیں پہنچتی ہیں، سیاستدان جیل میں بھی جاتا ہے،نواز شریف بیرون ملک علاج کے لیے گئے ہیں، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو سیاست سے الگ کیا ہے، امید ہے انتخابات سے قبل نواز شریف واپس آجائیں گے۔