ویب ڈیسک: اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک بھر میں درج مقدمات میں گرفتاری روکنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست میں وفاق بذریعہ سیکرٹری داخلہ، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کے پولیس آئی جیز اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ رجیم چینج کے بعد پٹیشنر مسلسل پولیس کے ٹارگٹ پر ہے، وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ ہوا اور جان کو شدید خطرات ہیں جب کہ عدالتی کارروائی کے لیے اسلام آباد آمد پر گرفتاری کا خدشہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ انصاف تک رسائی اور فیئر ٹرائل سمیت دیگر بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عمران خان کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل طلب کی جائے، گرفتاری کو عدالت کی پیشگی اجازت سے مشروط کیا جائے اور پورے ملک میں درج مقدمات کا ریکارڈ دیا جائے۔