ویب ڈیسک: لاہور میں آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا ہےکہ ظلِ شاہ کی ہلاکت کے ذمے دار دونوں افراد نے مجسٹریٹ کے سامنے اعترافِ جرم کرلیا ہے ۔
لاہور میں نگران وزیر اطلاعات عامر میر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مسلح جتھوں نے زمان پارک میں پولیس پر حملہ کیا ، ڈنڈے برسائے اور رینجرز کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، خاتون ایس پی پر پتھراؤ کیا گیا۔انہوں نےکہا کہ زمان پارک کو نو گو ایریا بنانے کی کوشش کی گئی، گولی چلانا بہت آسان ہوتا ہےلیکن بہادری یہ ہے کہ گولی نہ چلائی جائے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ زمان پارک جانے والی پولیس ٹیم کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا حتیٰ کہ اعلیٰ پولیس افسر بھی غیر مسلح تھے۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ظلِ شاہ کی ہلاکت کے ذمے دار دونوں افراد نے مجسٹریٹ کے سامنے اعترافِ جرم کرلیا ہے ۔اس موقع پر نگران وزیرِ اطلاعات عامر میر نے کہا کہ جب فیصلہ ہوگیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرنا ہے تو چند گھنٹوں میں ہوجائے گا۔