سٹی 42: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کے کھلاڑی کی نئی درجہ بندی جاری کردی ہے، ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ایک درجہ ترقی پاگئے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹی 20 کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے، نئی رینکنگ میں انگلینڈ نے ڈیوڈمیلان پہلی پوزیشن پر بدستور موجود ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ براجمان ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجے ترقی پاتے ہوئے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔
آئی سی سی کی گزشتہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابراعظم چوتھے نمبر پر موجود تھے، بابراعظم نے تیسری پوزیشن پر بھارتی بلے باز لوکیش راہول کو چوتھے نمبر پر دھکیلا ہے۔ آئی سی سی رینکنگ میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں بہترین کارکردگی کی بدولت بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی درجہ بندی میں بہتری ہوئی ہے ، فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں ۔
ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ ٹین باؤلرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہیں جبکہ افغانستان کے راشد خان پہلے، جنوبی افریقا کے تبریز شمسی دوسرے جبکہ افغانستان کے ہی مجیب الرحمان تیسری پوزیشن پر برا جمان ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈز کی نئی درجہ بندی میں افغانستان کے محمد نبی پہلی پوزیشن، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکس ویل تیسرے نمبر پر ہیں، ٹی ٹوئنٹی کی آل راؤنڈز کٹیگری میں بھی کوئی پاکستانی جگہ نہیں بنا سکا ہے ۔
آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ کے مطابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے، روہت شرما دوسرے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ آئی سی سی کی باؤلرز کی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا نمبر ہے جبکہ بنگلہ دیش کے مجیب الرحمٰن دوسرے نمبر پر ہیں ۔ جبکہ پاکستان کے محمد عامر نویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔
آئی سی سی آل راؤنڈرباؤلرز کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے ،افغانستان کے محمد نبی دوسرے جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوک تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔