شہباز شریف کی پیشی، پولیس نے لیگی کارکن کو دھکا دے کر سڑک پر گرادیا

17 Mar, 2021 | 01:40 PM

Sughra Afzal

(عمر اسلم) صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہبازشریف کی آشیانہ کیس میں احتساب عدالت پیشی کے موقع پر  (ن)  لیگ کے کارکنوں اور پولیس میں دھکم پیل و تلخ کلامی، پولیس نے لیگی کارکن کو دھکا دے کر سڑک پر گرا دیا، میاں شہبازشریف نے میاں نوازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا۔

آشیانہ کیس کے سلسلہ میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے لاکر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و کارکن بھی شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے پہنچے، شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر پولیس اور کارکنان کے درمیان دھکم پیل و تلخ کلامی ہوئی۔ پولیس کی جانب سے لیگی کارکن کو دھکا دے کر زمین پر گرا دیا گیا۔

کمرہ عدالت میں کیس کی سماعت کے بعد میاں محمد شہباز شریف نے بڑے بھائی سابق وزیراعظم میاں  محمد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی، شہبازشریف نے اپنے بیٹے سلمان شہباز سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی، میاں محمد شہباز شریف سے کمرہ عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین، میاں مرغوب احمد، ملک احمد خان، رانا مشہود احمد خان اور عائشہ علی نے بھی ملاقات کی، سینئر رہنما مشاہد اللہ خان مرحوم کے بیٹے سینیٹر افنان مشاہد اللہ خان نے ملاقات میں میاں شہبازشریف کو اپنی کتاب پیش کی۔

شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، گورنمنٹ ایم اے او کالج سے سیکرٹریٹ تک کنٹینرز لگا کر سڑک کو ایک طرف سے بند کیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں